Pages

سورۃ الکہف کی فضیلت

     ﷽
پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم* کا ارشاد ہے کہ 
جس نے جمعہ کے دن سورۃ الکہف پڑھی اس کے لیے دو جمعوں کے درمیان نور روشن ہو جاتا ہے.* مستدرک حاکم 399\2،، بیہقی 249\3 
ایک اور حدیث مبارکہ میں ارشاد ہے کہ 
*سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ* بیان کرتے ہیں کہ *نبی ﷺ* نے فرمایا 
 *جس نے جمعہ کی رات سورۃ الکہف پڑھی اس کے اور بیت اللہ کے درمیان نور کی روشنی ہو جاتی ہے.* سنن دارمی (3407)، علامہ البانی رحمہ اللہ تعالی نے اس حدیث کو صحیح قرار دیا ہے۔

*تلاوت کا وقت*
سورۃ الکہف جمعہ کی رات یا پھر جمعہ کے دن پڑھنی چاہیے. جمعہ کی رات جمعرات کو مغرب سے شروع ہوتی ہے اور جمعہ کا دن غروب شمس کے وقت ختم ہوجاتا ہے. تو اس بنا پر سورۃ الکہف پڑھنے کا وقت جمعرات والے دن غروب شمس سے لے کر جمعہ والے دن غروب شمس تک ہوگا. 

💐 دراصل یہ نور ہمیں اچھائی اور برائی کی تمیز سکھاتا ہے. اس نور کی روشنی میں ہم حق و باطل میں تمیز کرسکتے ہیں، تاکہ ہمیں پتہ چلے کہ اچھے اور برے کام کون سے ہیں؟ رب کو راضی کرنے والے کام کون سے ہیں اور رب کو ناراض کرنے والے کام کون سے ہیں؟ 
تو یہ نور ہماری رہنمائی کرتا ہے، صحیح راستہ دیکھنے میں ۔  قرآن و سنت میں بہت سے طریقے بتائے گئے اس نور یعنی روشنی کو حاصل کرنے کے، اسی میں سے ایک سورۃ الکہف کا جمعہ کے دن پڑھنا بھی ہے۔

 اس نور کی یقینا ہم سب کو ضرورت ہے ۔ اور صرف دنیا ہی میں نہیں بلکہ آخرت میں بھی چاہیے ۔ کیونکہ قیامت کے دن سخت اندھیرا ہوگا اور ہر شخص اس نور سے روشنی حاصل کرے گا جو وہ دنیا سے اپنے ساتھ لے گیا۔ 
قیامت کے سخت اور ہولناک اندھیروں میں یہ روشنی ہمارے کام آئے گی اور ہم اپنا راستہ آسانی سے ڈھونڈ سکیں گے۔ 

💐  *سیدنا ابو الددراء رضی اللہ عنہ* سے روایت ہے کہ *نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم* نے فرمایا 
*جو شخص سورۃ الکہف کی پہلی دس آیات حفظ کرے اُسے فتنہ دجال سے محفوظ کر لیا جائے گا۔* (یعنی یاد کرنے کے بعد انھیں پڑھتا بھی رہا) مسلم، کتاب فضائل القرآن

دجال کے بارے میں سبھی جانتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی امت کو فتنہ دجال سے کس قدر خبردار کیا ہے؟ دجال قیامت کے قریب آئے گا اور ہمیں سیدھے راستے سے ہٹانے کی بھرپور کوشش کرے گا۔ اور بہت سارے لوگ اس کی بات مان کر غلط راستے پر چل پڑیں گے ۔ اور اس کا نقصان یہ ہوگا کہ سب کے سب جہنم میں چلے جائیں گے۔ 

سورۃ الکہف کے آخر ہی میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ 
*اے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم! ان سے کہو کیا ہم تمہیں بتائیں کہ اپنے اعمال کے اعتبار سے سب سے زیادہ خسارے میں کون لوگ رہے؟ یہ وہ لوگ ہیں جن کی ساری کاوشیں دنیا کی زندگی میں کھو کر رہ گئیں اور وہ یہ سمجھتے رہے کہ وہ کوئی بہت اچھا کام کررہے ہیں ۔* 

ان تمام باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں باقاعدگی سے جمعہ کے دن سورۃ الکہف کی تلاوت کرنی چاہیے۔ اور دعا کرنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں فتنہ دجال سے محفوظ رکھے۔ ہمارے دلوں پر ہدایت کو الہام کردے اور ہمیں اپنی نافرمانیوں سے بچا لے۔ اور فلاح و کامیابی کے ساتھ جنت میں داخل فرمائے ۔

No comments:

Post a Comment

List